ویب ڈیسک: شیخ وقاص اکرم کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ آج ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق نوشین افتخار کی جانب سے قومی اسمبلی میں ووٹنگ کیلئے تحریک جمع کرائی گئی تھی۔ قومی اسمبلی میں ووٹنگ کے بعد شیخ وقاص اکرم کی اسمبلی رکنیت ختم ہو جائے گی۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم گزشتہ چالیس روز سے مسلسل غیر حاضر ہیں اور انہوں نے چھٹی کی کوئی باقاعدہ اطلاع نہیں دی۔
اسپیکر نے یاد دلایا کہ آرٹیکل 64 کے تحت اگر کوئی منتخب رکن مسلسل 40 دن ایوان کی کارروائی میں شرکت نہ کرے تو اسپیکر غیرحاضری کا نوٹس لے کر متعلقہ نشست کو خالی قرار دینے کا اختیار رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رول 40 کے مطابق بھی مسلسل غیر حاضری پر یہ کارروائی کی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے اس اقدام پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اسمبلی کی تاریخ میں کوئی ایک مثال نہیں ملتی کہ کسی رکن کو چھٹی نہ لینے پر نشست سے محروم کر دیا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کو سیاسی بنیادوں پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان کے مطابق عمر ایوب کو صرف اس لیے سزا دی گئی کہ وہ بانی چیئرمین تحریک انصاف کے قریبی ساتھی ہیں، جبکہ زرتاج گل کو بھی آواز اٹھانے کی سزا دی گئی۔ عامر ڈوگر نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں پی ٹی آئی کے 10 ارکان کو مختلف مقدمات اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑا۔
جواب میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے یاد دہانی کروائی کہ سابق اسمبلی کے دور میں محمد میاں سومرو کو طویل غیرحاضری پر اپنی نشست سے محروم ہونا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے یکساں ہے اور رولز پر عملدرآمد ضروری ہے۔