ویب ڈیسک: امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں بہتری آرہی ہے، اس لیے دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں امریکہ پاکستان کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا انعقاد ہوا، اجلاس کی مشترکہ صدارت نبیل منیر اور گریگوری لوگرفو نے کی، اجلاس میں بی ایل اے، داعش خراسان اور ٹی ٹی پی کے خطرات سے نمٹنے پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے انسداد دہشت گردی کیلئے پائیدار اور مؤثر حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا۔
اجلاس میں امریکہ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں کو سراہا۔ امریکہ نے علاقائی و عالمی امن کیلئے پاکستان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ انسداد دہشت گردی کیلئے ادارہ جاتی ڈھانچے اور صلاحیت بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کا اعلان۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اجلاس میں دہشت گردی میں ابھرتی ٹیکنالوجیز کے استعمال کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا گیا، دیرپا امن و استحکام کیلئے باہمی روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔