ویب ڈیسک: پاکستان کی خلائی و تحقیقی ادارے سپارکو نے ملک کی پہلی قمری گاڑی کا سرکاری نام ’جناح-1‘ رکھنے کا اعلان کردیا۔
سپارکو کے مطابق چاند گاڑی کے نام کے لیے ملک گیر مقابلے میں 4 ہزار سے زائد تجاویز موصول ہوئیں، جن میں سے ’جناح-1‘ کا نام منتخب کیا گیا۔ یہ نام 7 مختلف شرکاء نے تجویز کیا تھا، تاہم فاتح کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا۔
قرعہ اندازی میں بہاول نگر کے 17 سالہ طیب کریم ’جناح-1‘ کا نام تجویز کرنے والے فاتح قرار پائے۔
چیئرمین سپارکو کے مطابق ’جناح-1‘ کا نام قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ پاکستان کے عزم، ترقی اور خلائی تحقیق کے نئے افق کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا پہلا قمری روور 2029 میں چین کے چانگ ای-8 مشن کے ذریعے چاند پر بھیجے جانے کا منصوبہ ہے۔ ’جناح-1‘ چاند کے جنوبی قطب پر سائنسی تحقیق میں حصہ لے گا۔