تھانہ بادامی باغ کی حدود میں افسوسناک واقعہ،2 پولیس اہلکار شہید

تھانہ بادامی باغ کی حدود میں افسوسناک واقعہ،2 پولیس اہلکار شہید

(ویب ڈیسک) پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزم کی شناخت ریحان بٹ کے نام سے ہوئی۔

تھانہ بادامی باغ کی حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں ۔شہید ہونے والوں میں سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد  شامل ہیں ۔شہید اہلکار تھانہ لاری اڈا میں تعینات تھے۔

پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے مرکزی ملزم کی شناخت ریحان بٹ کے نام سے ہوئی۔فائرنگ میں ملوث دیگر نامعلوم ملزمان کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں ۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں ۔ایس پی سٹی کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔

مرکزی ملزم ریحان بٹ اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں متحرک ہوگئی ہیں ،ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں ۔واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے  کہ پولیس اہلکاروں کی شہادت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے،شہید اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کا نذرانہ پیش کیا، ملزمان کی گرفتاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ملزمان جہاں بھی چھپیں، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملزمان کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا،شہداء کے خون کا حساب قانون کے مطابق لیا جائے گا۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بیان میں کہا ہے کہ سب انسپکٹر عدیل عاشق، ہیڈ کانسٹیبل اسد جرائم پیشہ ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم  نے نوٹس لیتے ہوئے  ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب  نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے  تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم  نے فرض کی راہ میں شہادت کا رتبہ پانے والے دونوں پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Watch Live Public News