اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں بھارت ملوث نظر آتا ہے، پاکستان میں دہشت گردی کو بھارت کی سپورٹ حاصل ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ کلبھوشن جادھو کا بیان اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کا ہاتھ ہے، ہمیں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کلبھوشن کا معاملہ دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کلبھوشن کے معاملے میں کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے، کلبھوشن کا گرفتار ہونا ثبوت ہے کہ بھارت دہشتگردی کے پیچھے کار فرما ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسیز نے دہشتگردی کے واضح ثبوت پکڑے ہیں، پاکستان کئی دہائیوں سے دہشتگردی کی آگ میں جھلس رہا ہے۔ کوئی طبقہ ایسا نہیں ہے جس نے قربانی پیش نہ کی ہو، یا شکار نہ ہوا ہو، مساجد، امام بارگاہوں، اہم عمارتوں اور اجتماعات کو نشانہ بنایا گیا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے دہشتگردی کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں گے، وزارت خارجہ معاملہ بھرپور طریقے سے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے گی۔