ویب ڈیسک: لاہور میں ایک شہری کو اپنی چوری شدہ موٹر سائیکل کے ای چالان موصول ہو گئے، حالانکہ پولیس اب تک موٹر سائیکل تلاش کرنے میں ناکام رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق شہری کی موٹر سائیکل فروری 2024 میں چوری ہوئی تھی اور اس پر مقدمہ بھی درج کرایا گیا تھا، مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ ای چالان گھر پہنچ گئے اور اس میں بتایا گیا کہ موٹر سائیکل لاہور کی سڑکوں پر موجود ہے، جبکہ چور کو پکڑنے میں پولیس کامیاب نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب لاہور میں ٹریفک اصلاحات نے شہری زندگی پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔ موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم اور ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ کے نتیجے میں صرف 12 دنوں میں مہلک حادثات کی شرح میں 47 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق زیرو ٹالرنس پالیسی نے شہر میں نظم و ضبط بہتر بنانے اور حادثات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کیا۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے بتایا کہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بغیر کسی تفریق کے کارروائی کی گئی اور 12 دنوں میں ایک لاکھ سے زائد شہریوں کو مختلف خلاف ورزیوں پر چالان جاری کیے گئے۔ شہر بھر کے سگنلز پر میگا فون کے ذریعے آگاہی مہم بھی چلائی گئی تاکہ شہری قوانین کی پاسداری کریں۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے شہریوں پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین پر مکمل عمل ہی حادثات سے محفوظ رہنے کا واحد طریقہ ہے۔