بر صغیرکے انقلابی شاعر فیض احمد فیض کا 110 واں جنم دن

بر صغیرکے انقلابی شاعر فیض احمد فیض کا 110 واں جنم دن

لاہور: بر صغیر کے عظیم انقلابی شاعر فیض احمد فیض کا 110 واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔ فیض احمد فیض 13 فروری 1911 کو شاعر مشرق علامہ اقبال کے شہرسیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے تدریسی مراحل اپنے آبائی شہراورلاہورمیں مکمل کیے، اپنے خیالات کی بنیاد پر1936 میں ادبا کی ترقی پسند تحریک میں شامل ہوئے اوراسے بام عروج پربھی پہنچایا۔ درس و تدریس چھوڑ کردوسری جنگ عظیم میں انہوں نے برطانوی فوج میں شمولیت اختیارکی لیکن بعد میں ایک بار پھرعلم کی روشنی پھیلانے لگے جوزندگی کے آخری روزتک جاری رہی۔

فیض کی شاعری کے انگریزی، جرمن، روسی، فرنچ سمیت مختلف زبانوں میں تراجم شائع ہو چکے ہیں، ان کے مجموعہ کلام میں ’’ نسخہ ہائے وفا (کلیات)، نقش فریادی، نقش وفا، دست صبا، دست تہہ سنگ، سر وادی سینا، زنداں نامہ‘‘ اور دیگر قابل ذکر ہیں۔ فیض احمد فیض وہ واحد ایشیائی شاعر تھے جنہیں 1963 میں لینن پیس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ۔

فیض کی فلمی انڈسٹری کے لیے خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں ان کا کلام ملکہ ترنم نور جہاں،نیرہ نور،اقبال بانو،فریدہ خانم ، محمد رفیع، مہدی حسن، اورجگجیت سنگھ جیسے گلوکاروں کی آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا جب کہ انہوں نے بہت سی فلموں کے لئے غزلیں، گیت اورمکالمے بھی لکھے اور 20 نومبر 1984 کولاہور میں 73 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔