ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،شانداراستقبال

ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،شانداراستقبال
کیپشن: ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،شانداراستقبال

ویب ڈیسک: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

 تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ترکیہ کے صدر پاکستان آئے، ترکیہ کے صدر کا طیارہ نور خان ایئربیس پر اترا جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزرا اور دیگر حکام موجود تھے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان کا ایئرپورٹ پر ریڈ کارپٹ پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، ترک صدر کی آمد پر ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ روایتی لباس میں ملبوس سکول کے بچوں نے انکو خوش آمدید کہا، ملٹری بینڈ نے بھی روایتی انداز میں انکا استقبال کیا۔

پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کے JF-17 طیاروں نے ان کا فضائی استقبال کیا اور انکے جہاز کو حصار میں اسلام آباد لایا گیا، جاری اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران ترک صدر، پاکستانی ہم منصب اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔

ترک صدر اسلام آباد میں اعلیٰ سطح سٹریٹجک تعاون کونسل اور پاکستان ترکیہ بزنس فورم میں شرکت کریں گے، علاوہ ازیں ترک صدر پاکستان اور ترکیہ کے مابین مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشت اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

ترک صدر کے اس دورے کو انتہائی اہم سمجھا جارہا ہے، طیب اردوان کے ساتھ وزرا، ترکیہ کے اعلیٰ حکام اور سرمایہ کار بھی موجود ہیں۔

پاکستانی قوم ترک صدر اور خاتون اول کا پرتپاک خیرمقدم کرتی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستانی قوم ترک صدر اور خاتون اول کا پرتپاک خیر مقدم کرتی ہے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ترکیہ کے صدر کی پاکستان آمد پر اپنے بیان میں کہا کہ صدر طیب اردوان بصیرت والے سیاست دان ہیں جنہوں نے ترکیہ کو بدل دیا، صدر اردوان کی قیادت میں پاک ترک برادرانہ تعلقات مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔

محمد شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ صدر کے دورے پر ان مضبوط تعلقات کو مزید بلندیوں تک پہنچانے کے خواہشمند ہیں۔

Watch Live Public News