ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے یکساں بجلی ٹیرف نافذ کرنے کا فیصلہ

ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے یکساں بجلی ٹیرف نافذ کرنے کا فیصلہ
کیپشن: ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے یکساں بجلی ٹیرف نافذ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے یکساں بجلی ٹیرف نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے وفاقی حکومت کی درخواست پر باضابطہ فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

نیپرا کی جانب سے پیر کے روز جاری کیے گئے فیصلے کے مطابق کے الیکٹرک اور تمام ڈسکوز کے صارفین کے لیے بجلی کا یکساں بنیادی ٹیرف لاگو ہوگا، جبکہ ملک بھر کے صارفین کے لیے موجودہ بنیادی ٹیرف برقرار رکھا جائے گا۔ نیپرا نے بنیادی ٹیرف سے متعلق فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے، جس کے بعد حکومت نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

نیپرا کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے یکساں ٹیرف کی درخواست پر آج ہی سماعت مکمل کی گئی، جس کے بعد فیصلہ سنایا گیا۔ بجلی کے نئے ٹیرف کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے ہوگا۔

فیصلے کے تحت گھریلو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹیرف 47.69 روپے فی یونٹ برقرار رکھا گیا ہے۔ ایک سے 100 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ٹیرف 10.54 روپے جبکہ 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 13.01 روپے فی یونٹ مقرر رہے گا۔

نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے ایک سے 100 یونٹ تک بجلی کا ٹیرف 22.44 روپے، 101 سے 200 یونٹ تک 28.91 روپے، 201 سے 300 یونٹ تک 33.10 روپے اور 301 سے 400 یونٹ تک 37.99 روپے فی یونٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح 401 سے 500 یونٹ تک بجلی کا ٹیرف 40.22 روپے، 501 سے 600 یونٹ تک 41.62 روپے، 601 سے 700 یونٹ تک 42.76 روپے جبکہ 700 یونٹ سے زائد استعمال پر 47.69 روپے فی یونٹ ٹیرف برقرار رہے گا۔

لائف لائن صارفین کے لیے ماہانہ 50 یونٹ تک بجلی کا ٹیرف 3.95 روپے جبکہ 51 سے 100 یونٹ تک 7.74 روپے فی یونٹ برقرار رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نیپرا نے سال 2026 کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 62 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی، جس کا فیصلہ یکساں ٹیرف کی درخواست کے ساتھ وفاقی حکومت کو ارسال کیا گیا تھا۔

Watch Live Public News