ویب ڈیسک:بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیما مالنی نے اپنے مرحوم شوہر دھرمیندر کے انتقال کے چند ہفتوں بعد دیول خاندان کے ساتھ مبینہ اختلافات کی خبروں پر ایک بار پھر وضاحت پیش کر دی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ہیما مالنی نے کہا ہے کہ ان کے اور دھرمیندر کے بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے درمیان تعلقات خوشگوار اور خوش اسلوبی پر مبنی ہیں۔
77 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ لوگ ان کے خاندانی تعلقات کو متنازع کیوں بناتے ہیں، ہمارے درمیان تعلقات بہت اچھے اور دوستانہ ہیں مگر لوگ بلاوجہ سنسنی اور گپ شپ کو ترجیح دیتے ہیں۔
ہیما مالنی نے کہا کہ ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں وضاحت دینا ضروری نہیں، یہ ہماری ذاتی زندگی ہے ہم ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں اور خوش ہیں۔
اداکارہ نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ بعض حلقے دوسروں کے غم کو سنسنی خیز خبروں کے لیے استعمال کرتے ہیں اسی لیے وہ اکثر ایسی خبروں پر خاموش رہنے کو ترجیح دیتی ہیں۔
ہیما مالنی نے دھرمیندر کے فلمی ورثے کے حوالے سے بھی بات کی اور تصدیق کی کہ سنی دیول اپنے والد کی یاد میں ایک میوزیم قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ ہیما مالنی اور سنی و بوبی دیول کے درمیان اختلافات کی خبریں ماضی میں بھی سامنے آتی رہی ہیں تاہم دھرمیندر کے انتقال کے بعد یہ افواہیں ایک بار پھر گردش کرنے لگیں۔
ان خبروں کو اس وقت مزید ہوا ملی جب ہیما مالنی نے اپنے گھر میں الگ سے گیتا پاٹھ کا اہتمام کیا جبکہ سنی اور بوبی دیول نے اسی روز اپنے والد کے لیے دعائیہ تقریب منعقد کی۔
یاد رہے کہ ہیما مالنی نے سنہ 1980 میں دھرمیندر سے شادی کی تھی، اس وقت دھرمیندر کی پہلی اہلیہ پرکاش کور جس میں سے دھرمیندر کے دو بیٹے سنی اور بوبی دیول اور دو بیٹاں ہیں۔