دھرمیندر کا آخری پیغام کیا تھا؟ ہیما مالنی کا اہم انکشاف

دھرمیندر کا آخری پیغام کیا تھا؟ ہیما مالنی کا اہم انکشاف
کیپشن: دھرمیندر کا آخری پیغام کیا تھا؟ ہیما مالنی کا اہم انکشاف

ویب ڈیسک: بالی وڈ کی معروف اداکارہ اور سیاسی رہنما ہیما مالنی نے اپنے آنجہانی شوہر اور سینئر اداکار دھرمیندر کے انتقال سے قبل اہلِ خانہ کے لیے دیے گئے آخری پیغام کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں 78 سالہ ہیما مالنی نے بتایا کہ دھرمیندر ہمیشہ خاندان کو اہمیت دیتے تھے۔ ان کے مطابق دھرمیندر نے آخری پیغام میں کہا تھا کہ خاندان کے افراد ہمیشہ متحد رہیں اور ہر حال میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں۔

ہیما مالنی نے اپنے سوتیلے بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے ساتھ اپنے تعلق پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں بہت اچھے بیٹے ہیں اور خاندان کے درمیان مضبوط رشتہ قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے خاندانی معاملات کو عام کرنے کے بجائے نجی رکھنا پسند کرتے ہیں، کیونکہ دھرمیندر بھی اپنی ذاتی زندگی کو عوامی بحث کا موضوع بنانا پسند نہیں کرتے تھے۔

واضح رہے کہ ہندی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار دھرمیندر گزشتہ برس 24 نومبر کو 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

دھرمیندر اور ہیما مالنی کی ملاقات 1960 کی دہائی کے آخر میں فلموں میں ایک ساتھ کام کے دوران ہوئی۔ دونوں نے کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کی، جن میں شعلے، سیتا اور گیتا، ڈریم گرل اور دی برننگ ٹرین شامل ہیں۔

دونوں کی فلمی جوڑی بعد ازاں حقیقی زندگی کے رشتے میں بدل گئی اور انہوں نے 1980 میں شادی کر لی۔ شادی کے وقت دھرمیندر پہلے سے شادی شدہ تھے اور ان کے چار بچے تھے۔

ہیما مالنی اور دھرمیندر کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور آہنا دیول ہیں۔

Watch Live Public News