یو اے ای میں حادثے کی جگہ پر گاڑی روک کر تماشہ دیکھنے پر بھاری جرمانہ  ہوگا

یو اے ای میں حادثے کی جگہ پر گاڑی روک کر تماشہ دیکھنے پر بھاری جرمانہ  ہوگا

(ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات ( یو اے ای )  میں جائے حادثہ پر گاڑی روک کر تماشہ دیکھنے کی عادت پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا۔

کیا آپ بھی حادثے کے مقام پر گاڑی آہستہ کر کے تماشہ دیکھنے کے عادی ہیں؟ اگر ہاں تو یو اے ای میں اس عادت کے باعث   آپ کو ایک ہزار درہم کا جرمانہ  ہوسکتا ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ  میں بتایا گیا ہے کہ   متحدہ عرب امارات  میں سڑک پر کسی حادثے کی صورت میں ایسے ڈرائیورز جو واقعے کا حصہ نہیں ہوتے، انہیں سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ نہ ہی رفتار کم کریں اور نہ ہی  رُکیں ، ایسا کرنا نہ صرف ایمبولینس اور امدادی گاڑیوں کی راہ میں رکاوٹ بنتا ہے بلکہ کسی زخمی کی جان بچانے میں قیمتی وقت ضائع ہونے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

علاوہ ازیں   حادثے کے تماشائی بننے والے ڈرائیورز دوسرے لوگوں کے سفر کو بھی متاثر کرتے ہیں،جس کی وجہ سے سڑک پر رش بڑھ جاتا ہے۔

یو اے ای حکام نے واضح کیا ہے کہ  حادثے کے مقام پر غیر ضروری رکنے یا رفتار کم کرنے پر ایک ہزار درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا، اس کا مقصد عوام کی حفاظت اور سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو رواں رکھنا ہے۔

یو اے ای  کی وزارت داخلہ کے مطابق، گزشتہ سال ٹریفک حادثے کے دوران ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں 630 خلاف ورزیاں ہوئیں ، جن میں سب سے زیادہ تعداد دبئی کی رہی۔دبئی میں 411، ابوظہبی میں 87، شارجہ میں 71، عجمان میں 4، راس الخیمہ میں 30 اور ام القیوین میں 27 خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں۔

متحدہ عرب امارات ٹریفک قوانین کے مطابق  حادثے کے وقت راستہ نہ دینا یا ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ڈالنا قابل سزا عمل ہے،جس پر 500 درہم جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔اگر کوئی شخص ایمبولینس، پولیس گاڑی، یا کسی سرکاری قافلے کو راستہ نہ دے تو  پر 3 ہزار درہم جرمانہ، 30 دن کے لیے گاڑی کی ضبطی اور 6 ٹریفک پوائنٹس کا اندراج ہوتا ہے۔

Watch Live Public News