اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے موٹر سائیکل و رکشہ والوں کو سستے پیٹرول کی فراہمی کا اصولی فیصلہ کرلیا۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے غریب و متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے حوالے سے بڑے فیصلے کیے ہیں ۔وزیرِ اعظم نے اسلام آباد کے غریب و متوسط طبقے کیلئے رمضان میں بڑا ریلیف دے دیا۔ وزیرِ اعظم نے اسلام آباد میں رمضان کے دوران غریب و متوسط طبقے کو مفت آٹے کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، اسکیم کے تحت اسلام آباد کے دس لاکھ لوگوں کو رمضان المبارک میں مفت آٹا فراہم کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو بھی اس اسکیم میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں غریب و متوسط طبقے کے مسائل کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ مفت آٹے کی تقسیم کو شفاف بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے موٹر سائیکل و رکشہ والوں کو سستے پیٹرول کی فراہمی کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کا پروگرام تیار کرلیا گیا، پروگرام کے تحت موٹر سائیکل و رکشہ والوں کو سستے پیٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت غریب و متوسط طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات پر اعلی سطحی اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت کے مطابق اسلام آباد اور مضافاتی علاقوں میں رمضان کے دوران مفت آٹے کی فراہمی کی جائے گی جسکے لئے پروگرام حتمی مراحل میں ہے، اس اسکیم سے اسلام آباد کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ گھرانوں کو مفت آٹا تقسیم کیا جائے گا۔ اجلاس کو موٹر سائیکل اور رکشہ والوں کیلئے رعایتی پیٹرول پر بھی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو اس حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیرِ اعظم نے پروگرام کو حتمی شکل دے کر جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ موٹر سائیکل اور رکشہ والے معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور حکومت ان کو مہنگائی سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ اجلاس میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، وزیرِ مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔