مخصوص نشستوں کا معاملہ : کیا سنی اتحاد کونسل پارٹی ہے یا نہیں؟ عدالت کا استفسار

مخصوص نشستوں کا معاملہ : کیا سنی اتحاد کونسل پارٹی ہے یا نہیں؟ عدالت کا استفسار
کیپشن: مخصوص نشستوں کا معاملہ : کیا سنی اتحاد کونسل پارٹی ہے یا نہیں؟ عدالت کا استفسار

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے  متعلق کیس کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی۔

تفصیلا ت کے مطابق جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ کیس کی سماعت کررہاہے، بنچ میں جسٹس اعجاز انور،جسٹس عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس سید ارشد علی شامل ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے قاضی انور، اعظم سواتی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے نیر بخاری، فیصل کریم کنڈی اور ایچ فاروق نائیک عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے وکیل قاضی انور کے دلائل

سنی اتحاد کونسل کے وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئےکہا کہ پی ٹی آئی کو نشان نہ ملنے کے باعث تمام امیدواروں نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لیا ، جس میں زیادہ تر نے الیکشن جیتا ، الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیارکی ۔ 

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سنی اتحاد کونسل کا کوئی ممبر الیکشن جیت چکا ہے؟ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے بھی تو بطور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لیا، مخصوص نشستوں کی لسٹ کب جمع کی گئی؟

وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سنی اتحاد کونسل کی کئی مخصوص نشستیں بنتی ہیں، کیا آئین میں ایسا کوئی آپشن ہے کہ ایک پارٹی کی مخصوص نشستیں دیگرپارٹیوں میں تقسیم کی جائیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کو نمائندگی دینے کے لیے کوئی فیصلہ کرے گا نا ؟ اگر کسی جماعت کو مخصوص نشستیں نہ دی جائیں تو ایسے تو یہ خالی رہ جائیں گی؟

دوران سماعت عدالت نے علی ظفر اور بابر اعوان کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لاکھوں کیسز دیکھنے پڑ رہے ہیں، ایسا نہیں کرنا چاہئے، ہم دوبارہ دوبارہ آپ کے لیے نہیں بیٹھ سکتے۔

وکیل پی ٹی آئی نے عدالت کے استفسار پر جواب دیا کہ علی ظفر اڈیالہ جیل گئے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وہ نہیں آرہے تو آپ ہی دلائل دیں۔

قاضی انور نے تیاری کیلئے وقت مانگ لیا 

سنی اتحاد کونسل کے وکیل قاضی انورایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست علی ظفر نے دائر کی مجھے وقت دیا جائے کہ دلائل تیارکرلوں، مجھے کہا گیا تھا کہ ہم آرہے ہیں آج نہیں آئے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نہ درخواست دی گئی سماعت ملتوی کرنے کی اور نہ ہی کوئی اور خبر، آج ایک ہی لارجر بنچ تشکیل دی گیا ہے، یہ تو عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

قاضی انور نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کل سنا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نہیں ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ کل کیس کو سنیں۔

اٹارنی جنرل کے دلائل مکمل

اٹارنی جنرل منصور اعوان نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار پارٹی نے جنرل الیکشن میں حصہ نہیں لیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مخصوص نشستوں کے لیے لسٹ فراہمی کا طریقہ کار الیکشن ایکٹ میں موجود نہیں ہے۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں مکس ممبران کی نمائندگی کا قانون ہے،اسمبلی میں خواتین اور اقلیتوں کو نمائندگی دی گئی ہے، سیاسی جماعتوں کو الیکشن سے قبل مخصوص نشستوں کی لسٹ جمع کرانا پڑتی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ لسٹ کا طریقہ کار قانون میں واضح نہیں، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سنی اتحاد کونسل کو سیاسی جماعت تصور کیا جارہا ہے؟

اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کیا الیکشن کمیشن کے متعدد سیکشن کے مطابق سنی اتحاد کونسل ایک سیاسی جماعت ہے یا نہیں یہ دیکھنا ہے، قانون کے مطابق جس سیاسی پارٹی نے جنرل الیکشن میں حصہ لیا یا کوئی سیٹ جیت جائے تو مخصوص نشستیں ان کو ملیں گی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کے دلائل کے مطابق سنی اتحاد کونسل ایک سیاسی جماعت نہیں؟ ۔

اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ جنرل سیٹیں جیتنے کے تناسب پر سیاسی جماعتوں کو مخصوص نشستیں دی جاتی ہیں۔

عدالت نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آرٹیکل 51 ڈی پر بحث کریں تاکہ واضح ہو جائے، کیا سنی اتحاد کونسل ایک پارٹی ہے یا نہیں؟ کیا صدارتی، سینیٹ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن میں حصہ لے سکتی ہے؟

عدالت نے مزید سوال اٹھایا کہ کیا سنی اتحاد کونسل اپوزیشن لیڈر بناسکتی ہے۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ قانون ہے کہ سیاسی جماعت کو کم از کم جنرل الیکشن میں سیٹ جیتنا لازمی ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ مخصوص نشستوں کا ایسا کیس بھی سامنے نہیں آیا ہے، یہ کیس اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے۔

اٹارنی جنرل نے دلائل دیے کہ مخصوص نشستیں اس جماعت کو ملیں گی جس کا پارلیمنٹ میں نمائندگی ہو۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک اور قانون بھی ہے کہ آزاد امیدواروں کو 3 دن کے اندر کسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنا ہوگی، پارلیمنٹ میں نمائندگی نہ رکھنے والے پارٹی میں اگر کوئی آزاد امیدوار چلا جائے تو کیا ہوگا؟

اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ لسٹ جمع کرنا کسی سیاسی جماعت کے لیے لازمی ہوتا ہے، لسٹ میں اضافہ کیا جاسکتا ہے لیکن الیکشن سے قبل لسٹ جمع کرنا لازمی ہوتی ہے،مزید کہا کہ مخصوص نشستوں کو پھر شائع کیا جاتا ہے۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ووٹر مخصوص نشستوں کی لسٹ کو دیکھتے ہوئے کسی امیدوار یا جماعت کو ووٹ دیتا ہے۔

عدالت نے سوال پوچھا کہ اگر کوئی جماعت مخصوص نشستوں کی لسٹ جمع نہ کریں؟ اگر وہ جماعت پاکستان کی بڑی جماعت ہو تو الیکشن ایکٹ کیا کہتا ہے اس معاملے پر؟

اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ ہر سیاسی جماعت الیکشن سے قبل لسٹ جمع کرتی ہے کیونکہ ان کو یقین ہوتا ہے کہ وہ یہ مخصوص نشستیں بھی حاصل کریں گے، کسی جماعت کو لسٹ کے مطابق مخصوص نشستیں ملیں گی اگر کوئی آزاد حیثیت برقرار رکھنا چاہتا ہے تو مخصوص نشستوں کے حصول سے انہیں نکالا جائے گا۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ جنرل سیٹوں کے علاوہ مخصوص نشستوں کا سوچ بھی نہیں سکتے، مزید کہا کہ رولز کے مطابق سیٹ جیتنے والی پارٹی کو مخصوص نشستوں کی لسٹ پہلے جمع کرانی ہوتی ہے۔

عدالت نے سوال اٹھایا کہ اگر ایک جماعت 12 اور دوسری 18 جنرل نشستیں جیت جائے، آزاد امیدوار 12 جنرل نشستیں جیتنے والی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلے تو پھر کیا ہوگا،  اس صورت میں تو وہ پارٹی آزاد امیدواروں کی شمولیت کے بعد بڑی پارٹی بن جائے گی۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ پھر بھی امیدواروں کی لسٹ جمع کرانے کی شرط پوری تو نہیں ہوگی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ مزید کچھ کہنا چاہتے ہیں، اگر آزاد امیدوار کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلے تو کیا اس کو مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں؟

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ دی جاسکتی ہیں لیکن اگر پارلیمان میں اس پارٹی کی کوئی نمائندگی ہو، اس کے ساتھ ہی اٹارنی جنرل نے دلال مکمل کر لیے۔

الیکشن کمیشن کے وکیل سکندرمہمند کے دلائل 

الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر مہمند نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اٹارنی جنرل کے دلائل کو سپورٹ کرتا ہوں، سنی اتحاد کونسل سیکشن 51 ڈی کے مطابق ایک سیاسی جماعت نہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں، مخصوص نشستوں کے امیدوار پورے صوبے کی نمائندگی کرتے ہیں،مخصوص نشستوں کے لیے 3 مختلف سیکشنز کا پورا کرنا لازمی ہوتا ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ اگر کوئی جماعت اس میں ایک بھی پورا نہ کریں تو وہ سیاسی جماعت تصور نہیں ہوگی، قانون کے مطابق مخصوص نشستیں اس جماعت کو ملے گی جو الیکشن میں حصہ لے گی۔

انہوں نے مزید دلائل دیے کہ اپنی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والی جماعت کو ہی مخصوص نشستیں ملیں گی، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے خود بطور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لیا، اگر سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے بطور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لیا تو اس کا کیا مطلب ہوا، کسی جماعت کو تب ہی مخصوص نشستیں ملیں گی جب کم از کم ایک جنرل نشست جیت جائے۔

وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 51 (ڈی) اور سیکشن 104 کہتا ہے کہ ایک جنرل نشست ہوگی تو ان کو ملے گی، کاغذات نامزدگی کے آخری دن سے پہلے مخصوص نشستوں کی لسٹ بھی دینا ہوتی ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ سنی اتحاد کونسل کی کوئی جنرل نشست نہیں ہے اور نہ مخصوص لسٹ پہلے جمع کروائی ہے، متعلقہ 3 سیکشنز اور شرائط پورے نہ کیے جائیں تو ہر صورت یہ امیدوارآزاد تصور ہونگے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے معاملے پر قانون میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے،لیکن ابھی تک جو تشریح موجود ہے اس سے یہ مسئلہ حل کرنا ہوگا۔

وکیل الیکشن کمیشن  نے کہا کہ اگر مقرر تاریخ گزر جائے تو مخصوص نشستیں چلی جائیں گی، لسٹ میں تبدیلی کی جاسکتی ہے لیکن نئی لسٹ دوبارہ جمع نہیں کی جاسکتی.

عدالت نے ریمارکس دیے کہ مخصوص نشستیں کیوں دوسری جماعتوں میں تقسیم کی گئیں?.

 وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ دیگر جماعتوں کو تو اپنی جنرل سیٹوں کے مطابق مخصوص نشستیں مل چکی ہیں، درخواست گزار نے فارم 66 بروقت جمع نہیں کیا ہے،مخصوص نشستوں کی فہرست فارم 66 پر ہوتی ہے، جب فارم 66 جمع ہی نہیں کیا تو مخصوص نشستیں کیسے دی جائیں۔

وکیل الیکشن کمیشن نے دلائل میں کہا کہ سیاسی جماعت کے لیے لازمی ہے کہ اپنے نشان کے تحت انتخابات میں حصہ لے، سنی اتحاد کونسل نے عام انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایک مقصد کے علاوہ تمام مقاصد کے لئے سنی اتحاد کونسل ایک سیاسی جماعت ہے، وضاحت کریں کس طرح مخصوص نشستوں کے معاملے پر سنی اتحاد کونسل ایک سیاسی جماعت نہیں۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا جب ایک جماعت الیکشن میں حصہ ہی نہ لے تو وہ مخصوص نشستوں سے محروم رہ جاتی ہے، پی ٹی آئی اب بلا واسطہ مخصوص نشستیں حاصل کرنا چاہتی ہے۔

الیکشن کمیشن وکیل کے دلائل مکمل ہوگئے ۔

پیپلزپارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے دلائل 

جسٹس اعجاز انور نے سوال پوچھا کہ آپ یہ بتادیں کہ صوبے میں آپ نے کتنی نشتیں جیتیں اور مخصوص نشستیں کتنی ملیں؟ .

فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ مجھے ابھی نمبرز یاد نہیں، میں اس مسئلے میں اپنے دلائل دوں گا۔جنرل سیٹ آبادی کی بنیاد پر ہے ۔اقلیت کے لیے پورا ملک حلقہ ہوتا ہے ۔ خواتین کی نشست ہر صوبے کے ایک حلقہ کی بنیاد پر ہوتی ہے۔ تینوں کا طریقہ کار الگ ہے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہماری سیٹیں لی گئی ہیں جبکہ یہ ان کی سیٹیں نہیں ہیں۔

جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیئے کہ ہم بھی کہتے ہیں یہ درخواست گزاروں کی سیٹیں نہیں لیکن سیاسی جماعتوں کی سیٹیں ہیں۔

ن لیگ کے وکیل بیرسٹر حارث عظمت کے دلائل 

ن لیگ کے وکیل بیرسٹر حارث عظمت نے دلائل شروع کیے اور کہا کہ فیڈرل نوٹیفیکیشن کو ہائیکورٹ ختم نہیں کر سکتی۔اس پر لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے۔

جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیئے کہ آپ 5 رکنی بینچ کے سامنے سنگل بینچ کا فیصلہ پیش کررہے ہیں۔

وکیل نے کہا کہ دراصل پھر ہر صوبے کی ہائی کورٹس مختلف فیصلے دیں گی۔ فیڈرل معاملات کا تعین صرف سپریم کورٹ کرسکتی ہے۔

جے یو آئی کے وکیل کامران مرتضی کے دلائل

جے یو آئی کے وکیل کامران مرتضی نے دلائل میں کہا کہ آخری تاریخ کے بعد کوئی فہرست نہیں دی جاسکتی۔ یہ بات واضح ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والی پارٹی کو مخصوص نشستیں ملیں گی۔ جب فہرست نہیں دیں گے تو اس کا یہی مطلب ہے کہ مخصوص نشستیں نہیں دینی۔ اس پارٹی نے تو اپنے نام سے الیکشن نہیں لڑا۔

جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے کہ یہ تو ایسا ہوا ہے کہ مال غنیمت تقسیم ہوتا ہے تو جو چیزیں باقی رہ جاتی ہیں، پہلے والے لوگوں میں دوبارہ تقسیم کر دیتے ہیں۔

وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ نہیں، اس پارٹی سے ٹرین مس ہو گئی ہے۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے مکالمہ کیا کہ قاضی صاحب کیا آپ دلائل دیں گے؟.

قاضی انور نے کہا کہ میں دلائل نہیں دینا چاہتا، صرف یہ دیکھ لیں کہ کیا قانون کے مطابق مخصوص نشستیں دی گئی ہیں کہ نہیں۔

قاضی انور کا کہنا تھا کہ اگر کل تک ملتوی کردیں تو میں دلائل دے سکتا ہوں۔

سنی اتحاد کونسل  کی مخصوص نشستوں سے  متعلق کیس کی سماعت ملتوی

بعد ازاں پشاورہائیکورٹ نے سنی اتحاد کونسل  کی مخصوص نشستوں سے  متعلق کیس کی سماعت کل صبح 9 بجےتک کیلئے ملتوی کردی۔