ویب ڈیسک :سال 2025ء کا پہلا چاند گرہن آج بروز پیر کو ہو گا، پاکستان میں چاند گرہن کا نظارہ ممکن نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چاند گرہن کا آغاز کل (بروز جمعۃ المبارک) 14 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 57 منٹ پر ہوگا، چاند کو مکمل گرہن صبح 11 بج کر 58 منٹ پر لگے گا جبکہ گرہن کا اختتام 3 بجے ہوگا۔
چاند سرخ کیوں ہوجاتا ہے؟
جب زمین کا سایہ چاند کو پوری طرح ڈھانپ لیتا ہے تو وہ تاریک ہونے کی بجائے سرخی مائل کیوں دکھائی دیتا ہے؟
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ اس موقع پر چاند کی سرخی مائل رنگت کی وجہ سورج کی وہ کرنیں ہیں جو زمین کے ماحول سے فلٹر ہو کر چاند پر پہنچ جاتی ہیں۔
قدیم عراقی تہذیب میں سرخ رنگ کے مکمل چاندگرہن کو بادشاہ کے نحوست سمجھا جاتا تھا۔گرہن کے موقع پر بادشاہ کو بدروحوں سے محفوظ رکھنے کے لیے کسی اور شخص کو تخت پر بٹھا دیا جاتا تھا۔
ناسا کا کہنا ہے کہ چاند اور سورج گرہن ہماری زمین، چاند اور سورج کے درمیان ہونے والی گردش کے نتیجے میں پیدا ہونے والا ایک مظہر ہے اور ہر سال چار سے سات مرتبہ ہمیں سورج یا چاند گرہن دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
پچھلے سال ستمبر میں امریکی براعظموں، افریقہ اور یورپ کے کچھ حصوں میں جزوی چاند گرہن دیکھا گیا تھا، جب کہ مکمل چاند گرہن کانظارہ 2022 میں ہوا تھا۔
اگلا چاند گرہن کب ہوگا؟
اگلا چاند گرہن 7 ستمبر کی رات کوہوگا یہ بھی مکمل چاند گرہن ہو گا اور افریقہ، ایشیا، آسٹریلیا اور یورپ میں نظر آئے گا۔ جب کہ امریکی براعظموں کے کئی حصوں میں آپ اگلے سال مارچ میں چاند گرہن ایک بار پھر دیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے کہ جب زمین گردش کرتے ہوئے سورج اور چاند کے درمیان آ جاتی ہے، تاہم سورج گرہن کی طرح چاند گرہن کو کھلی آنکھ سے دیکھنے سے بصارت کو کوئی نقصان نہیں ہوتا۔
دوسری جانب رواں سال کا پہلا سورج گرہن 29 مارچ کو ہوگا جو کہ پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔