ویب ڈیسک: لاہور میں موٹر سائیکل کے ذریعے سفری سہولت فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے ڈرائیورکے ساتھ مسافر کے لیے بھی ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک افسر لاہور اطہر وحید نے شہر میں موٹر سائیکل سفری خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ سفر کے دوران مسافروں کو بھی ہیلمٹ فراہم کیا جائے۔
نئے فیصلے کے تحت موٹر سائیکل سفری خدمات دینے والی کمپنیوں کو ہر موٹر سائیکل پر ایک اضافی ہیلمٹ رکھنا ہوگا تاکہ ڈبل سواری کی صورت میں سوار اور مسافر دونوں ہیلمٹ پہن سکیں۔
چیف ٹریفک افسر کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ کے بغیر ڈبل سواری پہلے ہی ممنوع ہے اور اس کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے متعلقہ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ لاہور میں موٹر سائیکل سفری سہولت استعمال کرنے والے ہر مسافر کے لیے اضافی ہیلمٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔