(ویب ڈیسک ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی مزید قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدے کے مطابق اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے، قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ اپنے وعدے کے مطابق جس قدر ہو سکا، ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے جسکے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔بروقت پالیسی سازی، حکومت کی جانب سے بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت اس صورتحال سے احسن طور سے انسانی حد تک نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہاکہ بطور خادم پاکستان ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنےکیلئے اس ملک کی اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کا عزم کیا،وفاقی حکومت میں بچت اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ان اقدامات میں وفاقی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں جو خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت خام تیل کی ملکی ضرویات کیلئے مناسب مقدار میسر ہے،وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر کسی کو بھی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زائد قیمت کی وصولی کی روک تھام یقینی بنا رہی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ دعا گو ہیں کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔