ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے معرکہ حق کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ملک کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیرِ اعظم نےارض وطن کے تحفظ کے دوران پاک فضائیہ کے 5 اور پاک فوج کے 6 افسران و جوانوں کی شہادت پر انہیں نذرانہ عقیدت پیش کیا ہے.
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے نہ صرف ملک کا بھرپور دفاع کیا بلکہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی. افواج پاکستان کے بہادر افسران و جوانوں نے وطن کی حفاظت کا اپنی قوم سے کیا ہوا عہد پورا کیا۔مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے. اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی.
وزیرِ اعظم نےبھارتی جارحیت کے نتیجے میں 15 کم سن بچوں اور 7 خواتین سمیت 40 معصوم لوگوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم شہدائے وطن کو نہ بھولے ہیں نہ بھولیں گے اور انکے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے. شہداء پیکیج کا اعلان کیا جاچکا، شہداء کے اہل خانہ کی کفالت کی ذمہ داری ریاست بھرپور طور سے انجام دیگی.
وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن بنیان المرصوص نے بھارت کو بھرپور جواب دیا. بنیان المرصوص نے بھارت کو واضح کردیا کہ اسے خطے میں موجود دوسرے ممالک کی سالمیت اور خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا. معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کی عددی برتری کی خوش فہمی اور غرور کو خاک میں ملا دیا.
وزیرِ اعظم نے معرکہ حق میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر امن قوم ہیں، مگر کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں. آپریشن بنیان المرصوص اس کا واضح ثبوت ہے.