ویب ڈیسک: حکومت پاکستان نے ملک میں کام کرنے والی انٹرنیشنل این جی اوز کے لیے ٹیکس رجسٹریشن کے قواعد سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے این جی اوز کے لیے نئی رجسٹریشن اور اضافی شرائط کی تجاویز پیش کی ہیں۔
ایف بی آر کی مجوزہ تجاویز کے مطابق این جی اوز کو رجسٹریشن کے دوران سفارتخانے کا تصدیقی خط جمع کرانا لازمی ہوگا، جبکہ وزارت داخلہ کا این اوسی (No Objection Certificate) اور حکومت کے ساتھ MOU بھی شرط ہوگی۔
غیر ملکی این جی اوز کے لیے ملکیتی ڈھانچے اور مالی معاملات کی تفصیلات ظاہر کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ غیر ملکی پاسپورٹ کو شناختی دستاویز کے طور پر ٹیکس رجسٹریشن میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نئے قواعد سے مالی شفافیت اور سیکیورٹی نگرانی میں اضافہ ہوگا۔ مجوزہ ترامیم پر عوام اور متعلقہ فریقین سے 7 دن کے اندر اعتراضات اور تجاویز طلب کی گئی ہیں۔