5سال سلیکٹڈراج بھگتا،آگےقبول نہیں کریں گے،بلاول بھٹو

5سال سلیکٹڈراج بھگتا،آگےقبول نہیں کریں گے،بلاول بھٹو
مٹھی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عوام نے 5 سال سلیکٹڈ راج بھگتا ہے اب آگےکوئی سلیکٹڈ راج قبول نہیں، 8 فروری کو پاکستان کے عوام سرپرائز دیں گے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے مٹھی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کمرے میں بیٹھ کر اپنے لیے نتائج بنوا رہے ہیں ان کو جواب عوام دیں گے، جن لوگوں نے 9 مئی کو اداروں پر حملے کیے ان کو تو عوام رد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو انتخابی مہم شروع بھی نہیں کی اور مٹھی کے عوام نے فیصلہ سنادیا، عوام 8 فروری کو بھی اسی جذبے سے نکلے تو پھر عوام اور پیپلز پارٹی کی جیت ہوگی۔ 8 فروری کو عوام پاکستان مہنگائی لیگ کو شکست دیں گے، ہمارے دوست اگر سمجھتے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کی نقل کرکے الیکشن لڑسکتے ہیں تو عوام 8 فروری کو ان کو جواب دیں گے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری کی محنت سے چند ماہ کے لیے ان کا وزیراعظم بن سکتا ہے تو اس دفعہ زرداری کی محنت سے وزیراعظم بھی جیالا اور وزیراعلیٰ بھی جیالا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی ہمارا سیاسی مخالف نہیں ہے، غربت اور مہنگائی مخالف ہے، ہم اس کا مقابلہ کریں گے، ہم مزدور کی تنخواہ کو دوگنا کریں گے۔ سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عوام کی حکومت آنے والی ہے، اشرافیہ کو نہیں عوام کو فائدہ ہوگا، ہم بینظیر انکم سپورٹ کارڈ کی طرح ہاری کارڈ بھی بنائیں گے۔ شہید بے نظیر بھٹو نے برابری کی سیاست سکھائی ہے، ہم رنگ و نسل اور مذہب کسی فرق میں یقین نہیں رکھتے۔ بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کو ردکیا ہے، شہید بی بی نے90 کی دہائی میں تھرکول کا خواب دیکھا تھا، ہم نے اپنی حکومت میں تھرکول پرکام کیا اور تھرپارکر کی معیشت بدلی، تھر پارکر کے لیے مزیدکام کرنا باقی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔