ویب ڈیسک: آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے ریکارڈ ہدف حاصل کرکے بھارت کو شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کپتان الیسا کی 142 رنز کی بدولت آسٹریلیا نے ویمنز ون ڈے کا سب سے بڑا 331 رنز کا ہدف حاصل کیا، آسٹریلوی خواتین نے بھارتی ٹیم کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔
آسٹریلیا نے ریکارڈ 331 رنز کا ہدف ایک اوور پہلے ہی حاصل کرلیا تھا۔ آسٹریلوی کپتان نے رواں ایونٹ کی سب سے بڑی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کیلئے جیت کی راہ ہموار کی، ان کے علاوہ پیری نے ناقابل شکست 47 رنز اسکور کیے۔
بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی طرف سے شری نے 3، امنجوت کور اور دیپتی شرما نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 48.5 اوورز میں 330 رنز بنائے تھے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی تھی، سمرتی مندھانا 80 اور پرتیکا روال 75 رنز بناکر نمایاں رہیں۔