(ویب ڈیسک ) لاہور کی سیشن کورٹ نے امیر بالاج قتل کیس میں نامزد ملزم عقیل عرف گوگی بٹ کی عبوری ضمانت خارج کردی۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں امیر بالاج قتل کیس میں نامزد ملزم گوگی بٹ کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے عدم حاضری کی بنیاد پر گوگی بٹ کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔
خیال رہے کہ تھانہ چوہنگ میں درج امیر بالاج کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے گوگی بٹ کو ملزم نامزد کر رکھا ہے۔
عدالت کی جانب سے گوگی بٹ کی آج تک عبوری ضمانت منظور کی گئی تھی، ضمانت منسوخی کے بعد پولیس کو گوگی بٹ کو گرفتار کرنے کا اختیار مل گیا۔
چند روز قبل امیر بالاج قتل کیس کا مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ ہفتے کو سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا تھا۔ طیفی بٹ کو دبئی سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے 10 اکتوبر کو پاکستان منتقل کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ لاہور کی معروف کاروباری شخصیت ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو 18 فروری 2024 کو شادی کی تقریب میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ امیر بالاج ٹیپو کے والد امیر محمد خان المعروف ٹیپو ٹرکاں والے 22 مارچ 2010 کو لاہور ایئرپورٹ پر قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔