اسلام آباد: وفاقی وزیر ماحولیات اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان کو 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق امریکا کے معروف جریدے ٹائم میگزین نے پاکستان کی وزیر ماحولیات شیری رحمان کو سال 2023 کی دنیا کی 100 با اثر ترین شخصیات میں شامل کر لیا ہے ۔ ٹائم میگزین کی جانب سے 2023 کی دنیا کی 100 با اثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق رہنماؤں کی کیٹیگری میں شیری رحمان کا چھٹا نمبر ہے ۔ جریدے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں بتایا گیا ہے کہ عالمی سطح پرکاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ انتہائی معمولی ہے مگر ماحولیاتی بحران کے سبب پچھلے سال 1 تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوب گیا تھا ۔ ٹائم میگزین کا کہنا ہے کہ شیری رحمان نومبر میں مصر میں منعقد کوپ 27 اجلاس میں ان سیلاب زدگان کی آواز بنیں جو کہ قدرتی آفت کے سبب اپنا سب کچھ کھوبیٹھے تھے ۔ امریکی جریدے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں یہ کہا گیا ہے کہ کوپ 27 اجلاس میں انتہائی پرجوش تقاریر اور انتھک مصروفیات اور مذاکرات کے ذریعے شیری رحمان نے مندوبین کو قائل کیا تھا کہ یہ نا انصافی ختم کی جانی چاہیے ۔ پیغام میں مزید بتایا گیا کہ کوپ 27 کا اختتام اس تاریخی فیصلے پر ہوا تھا کہ عالمی برادری پہلی بار متفق ہوئی تھی کہ قدرتی آفات کا سامنا کرنے والے ممالک کیلئے نقصان اور تباہی فنڈ قائم کیا جائے ۔ ٹائم میگزین کے مطابق یہ ماحولیاتی انصاف کی جانب بڑا اقدم ہے مگر اب بھی بہت سارے کام باقی ہے ، ہمیں شیری رحمان جیسی مزید شخصیات کی ضرورت ہوگی ۔