ویب ڈیسک: معروف امریکی پاپ سٹار کیٹی پیری اور پانچ دیگر خواتین خلا کا چکر لگانے کے بعد واپس پہنچ گئیں، واپس پہنچتے کیٹی پیری نے اپنے پہلے بیان میں کہا وہ اپنے اس خلائی سفر تجربے پرگانا لکھیں گی۔
تفصیلات کےمطابق معروف امریکی گلوکارہ کیٹی پیری نے خلا سے زمین پر واپسی کے بعد اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ناقابلِ فراموش تجربے پر ایک گانا ضرور لکھیں گی۔
کیٹی پیری نے بتایا کہ اس سفر کے دوران انہیں جو سب سے غالب احساس ہوا، وہ محبت تھا، "یہ سب سے بلند ترین احساس ہے،یہ خود کو نامعلوم کے حوالے کرنے اور بھروسے کا عمل ہے۔ میں اس تجربے کی بھرپور حمایت کرتی ہوں۔"
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ خلا میں اپنے سفر کے بارے میں کوئی گانا لکھیں گی، تو انہوں نے پورے اعتماد سے کہا "اوہ، بالکل! سو فیصد۔"
کیٹی پیری کے اس ردِ عمل نے ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے، اور اب سبھی ان کے اگلے گانے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔
یہ خلائی سفر نہ صرف کیٹی کے لیے ایک نیا سنگِ میل ثابت ہوا، بلکہ یہ دنیا بھر کے فنکاروں کے لیے بھی ایک نئی تحریک بن سکتا ہے کہ وہ سائنس، جذبات اور تخلیق کو آپس میں جوڑ کر کچھ منفرد تخلیق کریں۔
واضح رہے معروف خلائی کمپنی بلیو اوریجن نے ایک کامیاب خلائی تجربہ کرتے ہوئے اپنا راکٹ کامیابی سے خلا میں روانہ کیا تھا، جس کی پرواز کا دورانیہ 11 منٹ رہا۔
یہ راکٹ پرواز تجرباتی بنیادوں پر کیا گیا، جس کا مقصد مستقبل میں خلائی سیاحت کو فروغ دینا اور خلائی تحقیق کے نئے دروازے کھولنا ہے۔ بلیو اوریجن کے مطابق راکٹ نے اپنے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کیے اور مقررہ وقت پر بحفاظت زمین پر واپس آ گیا۔
ماہرین کے مطابق 11 منٹ کی یہ پرواز کمپنی کی تکنیکی صلاحیتوں اور خلائی تحقیق میں مسلسل ترقی کی مظہر ہے۔ بلیو اوریجن کے ترجمان نے کہا ہے کہ یہ تجربہ آنے والے وقت میں انسانی خلائی پروازوں کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ بلیو اوریجن، جو کہ ایمازون کے بانی جیف بیزوس کی کمپنی ہے، خلائی سیاحت کو عام شہریوں کے لیے ممکن بنانے کی جانب تیزی سے قدم بڑھا رہی ہے۔