پبلک نیوز ہیڈلائنز، صبح 9 بجے، 14 اگست 2021

پبلک نیوز ہیڈلائنز، صبح 9 بجے، 14 اگست 2021
پاکستان کا 75 واں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے، ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب کا اہتمام، دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی، فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی، نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، سلامتی، امن اور یکجہتی کی خصوصی دعائیں، گوگل نے یوم آزادی پر اپنا ڈوڈل تبدیل کردیا۔ جشن آزادی ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، بانی پاکستان قائداعظم اور مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب، کراچی میں مزار قائد پر نیوی کیڈٹس نے فرائض سنبھالے، لاہور میں پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ اسلام آباد ایوان صدر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب، صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پرچم کشائی کی، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، سروسز چیفس، وفاقی وزراء سمیت دیگر اہم شخصیات شریک۔ صدرپاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی طاقت حاصل کرنا بڑی کامیابی ہے، پاکستان 74 سالہ سفر میں بہت سے چیلنجز سے سرخرو ہوا، اب بھی سماجی اور معاشی محاذوں پر مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ملک کے معاشی اعشاریوں میں بہتری آنے کے اثرات عوام تک پہنچنا شروع شروع ہوگئے، کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کی تجدید کرتے ہیں۔ یوم آزادی پر وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستانی عوام کی فلاح وبہبود پر توجہ دے رہے ہیں، پاکستان آج اقوام عالم کے مابین سر اٹھاکر کھڑا ہوسکتا ہے، کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان، افغانستان میں امن وامان کے لیے سیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔