اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گزشتہ رات خوست، ہرنائی، بلوچستان میں دہشت گردوں کے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دہشت گردوں کے مزموم عزائم کو ناکام بناتے ہوئے نائیک عاطف اور سپاہی قیوم کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے میجر عمر کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔ پاکستانی قوم ملک کی حفاظت کرتے اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، شہداء ہمارا فخر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی تمام تر دعائیں شہداء اور انکے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ خیال رہے کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے خوست میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا گیا جس میں ہونے والی جھڑپ میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جھڑپ کے دوران شہید ہونے والوں میں نائیک عاطف اور سپاہی قیوم شامل ہیں جبکہ دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے میجر عمر زخمی ہو گئے تھے۔