راولپنڈی : مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی گئی ہے۔ ملک بھر میں آج 76 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہاہے ۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کی جانب سے بھی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج کا دن ہمیں ہمارے اسلاف کی ان گنت قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، دھرتی کے ہزاروں بیٹوں نے مادر وطن کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سب عہد کریں کہ قومی اتحاد کو برقرار رکھ کر دشمن قوتوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج عوام کی حمایت سے وطن عزیز کی سالمیت اور امن کا دفاع کرتی رہیں گی ، مسلح افواج پاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق قوم کی خدمت جاری رکھیں گی۔