ملک بھر میں 77واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں 77واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
کیپشن: ملک بھر میں 77واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک:  ملک بھر میں آج 77واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، اس عزم کی تجدید کے ساتھ کہ تحریک پاکستان کے جذبے کے تحت کام کرتے ہوئے ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کے امن’ سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

جشن آزادی پر مزار قائد اور مزار اقبال لاہور میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔

جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو سرسبز پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا جبکہ قومی پرچم، پینٹنگز، بانیان پاکستان کے پورٹریٹس، پوسٹرز اور بینرز بھی جگہ جگہ نظر آئے۔

یوم  آزادی کے سلسلے میں بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ مل کرعہد کریں ہم نےکسی سازش کا حصہ نہیں بننا، ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے جانا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، اس کے علاوہ انہوں نے مزار اقبالؒ پر فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ملک کی سالمیت، ترقی و خوشحالی، استحکام کے لیے دعا کی، انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمداقبالؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، اس کے علاوہ مریم نواز شریف نے شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کی۔

Watch Live Public News