ویب ڈیسک: ملک بھر میں آج پاکستان کا 78واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور شاندار تقاریب کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ رواں سال کے جشن کو "معرکۂ حق کی عظیم فتح" سے منسوب کیا گیا ہے، اور ہر شہر و گاؤں میں حب الوطنی کا جذبہ دیدنی ہے۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جس سے فضا نعرۂ تکبیر "اللہ اکبر" کے نعروں سے گونج اٹھی۔ نمازِ فجر کے بعد مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا، جن میں ملکی سلامتی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کی دعا کی گئی۔
.jpg)
یوم آزادی کے موقع پر گلی گلی، محلے محلے سبز ہلالی پرچم لہرا رہے ہیں۔ سرکاری و نجی عمارتیں، شاہراہیں، پل، چوراہے اور اہم یادگاریں برقی قمقموں اور رنگ برنگی لائٹس سے سجی ہوئی ہیں، جبکہ لوگ ملی نغمے گا کر جشن مناتے دکھائی دے رہے ہیں۔
مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب:
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے، جن میں چار خواتین کیڈٹس بھی شامل تھیں۔ کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور تصور اقبال تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ پاک بحریہ کی جانب سے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کو قومی سلام پیش کیا گیا۔
یوم آزادی کے آغاز پر رات 12 بجتے ہی اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ آسمان رنگ و نور میں نہا گیا اور شہری دلکش مناظر سے محظوظ ہوتے رہے۔
.jpg)
دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی اس دن کو بھرپور جوش و جذبے سے مناتے ہیں۔ سفارت خانوں میں خصوصی تقریبات اور پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں قومی نغمے، تقاریر اور پاکستان سے محبت کے عزم کی تجدید شامل ہے۔