یوم بحریہ: صدر اور وزیراعظم کا پاک بحریہ کو خراجِ تحسین 

یوم بحریہ: صدر اور وزیراعظم کا پاک بحریہ کو خراجِ تحسین 
کیپشن: یوم بحریہ: صدر اور وزیراعظم کا پاک بحریہ کو خراجِ تحسین 

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے افسران، جوانوں، اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بحریہ ملکی سمندری حدود، قومی مفادات اور بحری تجارت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 ستمبر 1965 کا آپریشن ’سومناتھ‘ پاک بحریہ کی شجاعت، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی یاد دلاتا ہے۔ ان کے مطابق مئی 2025 کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے اعلیٰ آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بحری مفادات کا مؤثر دفاع کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے دوران ’آپریشن محافظ البحر‘ کے تحت پاک بحریہ نے ملکی توانائی اور معاشی ضروریات کے تحفظ اور سمندری راستوں سے توانائی کی ترسیل کے تسلسل میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یومِ بحریہ 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کی شجاعت اور ثابت قدمی کی یاد تازہ کرتا ہے۔ ان کے مطابق آپریشن ’سومناتھ‘ اور آبدوز ’غازی‘ کی موجودگی نے دشمن کی بحری سرگرمیوں پر دباؤ بڑھایا۔

صدر اور وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ تزویراتی صورتحال میں پاک بحریہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں اور بین الاقوامی بحری گزرگاہوں، تجارتی راستوں اور توانائی کی فراہمی کے تحفظ میں اس کا کردار کلیدی ہے۔

Watch Live Public News