(ویب ڈیسک) ملک بھر میں آج یومِ دفاعِ وشہدا بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔اس موقع پر 1965 کی جنگ کے شہدا اور ملکی دفاع کے لیے قربانیاں دینے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
یومِ دفاع ہر سال 6 ستمبر کو 1965 کی جنگ کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس روز پاکستانی افواج اور قوم نے بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے ملکی دفاع کا بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔
یومِ دفاع و شہدا کے سلسلے میں کراچی میں مزارِ قائد پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاکستان ایئر فورس کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کے ایئر کمانڈنگ، ایئر وائس مارشل حسن فیصل تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہر مشکل وقت میں قوم کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس بھی پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ کی قیادت میں جدید دفاعی نظام اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، تاہم ملکی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔