یوم آزادی پر امریکا اور یورپی یونین کی پاکستان کو مبارکباد اور تعاون کی پیشکش

یوم آزادی پر امریکا اور یورپی یونین کی پاکستان کو مبارکباد اور تعاون کی پیشکش
کیپشن: یوم آزادی پر امریکا اور یورپی یونین کی پاکستان کو مبارکباد اور تعاون کی پیشکش

ویب ڈیسک: پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے مبارکباد اور خیرسگالی کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے خصوصی پیغام میں پاکستانی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امریکا انسدادِ دہشت گردی اور تجارت کے شعبوں میں پاکستان کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

مارکو روبیو نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید وسعت کے لیے اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش جاری ہے۔ ان کے مطابق اہم معدنیات، ہائیڈروکاربن اور کاروباری شراکت داری جیسے شعبوں میں باہمی تعاون سے نہ صرف تجارتی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ یہ امریکی اور پاکستانی عوام کے لیے ایک خوشحال مستقبل کی راہ ہموار کرے گا۔

یوم آزادی کے موقع پر امریکی کانگریس کے ارکان نے بھی پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رکن کانگریس جوڈی چو نے کہا کہ وہ یوم آزادی کی تقریب کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتی ہیں اور امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی موجودگی ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی معاشرے میں مثبت اور اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اسی طرح رکن کانگریس زو لوف گرن نے کہا کہ سیلیکون ویلی پاکستانی امریکیوں کی ایک بڑی اور متحرک کمیونٹی کا مرکز ہے، جو امریکا کی فلاح و بہبود میں نمایاں حصہ ڈال رہی ہے۔

پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر ریینا کیونکا نے بھی یوم آزادی پر پاکستان کو مبارکباد دی اور دونوں خطوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ خیرسگالی پیغامات پاکستان کے لیے عالمی سطح پر دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں، جو نہ صرف موجودہ تعلقات کو مستحکم کریں گے بلکہ مستقبل میں ترقی اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔

Watch Live Public News