ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملک کے سب سے بڑے سول اعزاز "نشانِ پاکستان" سے نوازنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور ان کے وفد کو یہ اعزاز آج ایک خصوصی تقریب میں پیش کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کو یہ اعزاز بھارت کے خلاف حالیہ جنگ کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر دیا جا رہا ہے۔ بھارت کی جارحیت کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے تشکیل دی گئی پارلیمانی کمیٹی کی قیادت بلاول بھٹو زرداری نے سنبھالی، جس کا مقصد دنیا بھر میں پاکستان کا مؤقف پیش کرنا تھا۔
اس دوران بلاول بھٹو زرداری نے مختلف عالمی فورمز اور بین الاقوامی اجلاسوں میں شرکت کی، جن میں یورپی پارلیمنٹ بھی شامل ہے، جہاں انہوں نے پاکستان کا امن بیانیہ بھرپور انداز میں پیش کیا اور بھارتی جارحیت کے حقائق دنیا کے سامنے رکھے۔ ان کی کاوشوں کا مقصد عالمی برادری کو اس امر سے آگاہ کرنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری اور دفاع کے معاملے میں کسی قسم کی مصلحت سے کام نہیں لے گا۔
ذرائع کے مطابق، پہلگام واقعے کو جواز بنا کر بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات کیے، جن کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا۔ چار روزہ جنگ کے دوران پاکستانی فضائیہ نے 6 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے اور متعدد ائیر فیلڈز کو نشانہ بنایا۔ اس صورتحال میں بھارت نے امریکا سے مدد کی درخواست کی، جس کے بعد جنگ بندی ممکن ہو سکی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے اس نازک وقت میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا بیانیہ مؤثر انداز میں اجاگر کیا، جو قومی سفارتی کامیابی کا اہم باب ہے، اور اسی اعتراف میں انہیں نشانِ پاکستان سے نوازا جا رہا ہے۔