نریندرمودی کا پاکستان کے یوم آزادی پر نفرت انگیز پیغام

نریندرمودی کا پاکستان کے یوم آزادی پر نفرت انگیز پیغام
کیپشن: نریندرمودی کا پاکستان کے یوم آزادی پر نفرت انگیز پیغام

ویب ڈیسک: پاکستان کے78ویں یومِ آزادی کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا متنازع اور نفرت انگیز بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے براہِ راست پاکستان کا نام لیے بغیر تنقید کا نشانہ بنایا۔

مودی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے پاکستان کے جشنِ آزادی کے دن کو "پارٹیشن ہاررز ریمیمبرینس ڈے" (Partition Horrors Remembrance Day) قرار دیا۔ اپنے پیغام میں بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن اُس المناک دور کی یاد دلاتا ہے جب برصغیر کی تقسیم کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور ناقابلِ بیان مشکلات سے دوچار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو ان افراد کے حوصلے اور جرات کو بھی یاد کیا جانا چاہیے، جنہوں نے اپنے گھربار، زمین اور عزیز و اقارب کھو دیے، مگر پھر بھی ایک نئی زندگی شروع کرنے کا حوصلہ پیدا کیا۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ تقسیم سے متاثرہ افراد نے نہ صرف اپنی زندگیاں ازسرِنو بسائیں بلکہ مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیاں بھی حاصل کیں۔

بھارتی وزیر اعظم نے مزید کہا کہ یہ دن اس بات کی یاد دہانی بھی ہے کہ ملک کو متحد رکھنے والے ہم آہنگی کے رشتوں کو مضبوط بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔

نریندر مودی کی اس ٹوئٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

ایک خاتون صارف نے لکھا کہ آپ بھی اب مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو تقسیم کر رہے ہیں۔ کچھ بھی نہیں بدلا۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ سر اب ایک ہندو- مسلم پارٹیشن تو آپ لوگ بھی کروا رہے ہو دیش میں۔

پارٹیشن ہاررز ریمیمبرینس ڈے کیا ہے؟

Partition Horrors Remembrance Day کی شروعات بھارت میں سال 2021 سے ہوئی جو ہر سال 14 اگست کو منایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد 1947 کی تقسیمِ ہند کے دوران ہونے والے جانی و مالی نقصان، بڑے پیمانے پر ہجرت، فسادات اور متاثرہ لاکھوں لوگوں کے مصائب کو یاد کرنا ہے۔ اس دن کو منانے کا اعلان نریندر مودی نے کیا تھا۔

Watch Live Public News