(ویب ڈیسک ) معرکہ حق میں غیر معمولی جرات اور عظیم قربانی پر آرمی، نیوی اور ائیر فورس کے افسران و جوانوں کو عسکری اعزازات سے نوازا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پاک فوج کے 488 افسران اور جوانوں کو اعزازات عطا کیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ 8 جوانوں کو ستارہ جرات، 5 کو تمغہ جرات اور 24 کو ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔ ستارہ جرات پانے والوں ونگ کمانڈر بلال رضا، ونگ کمانڈر حماد ابن مسعود ، اسکواڈرن لیڈر ایم یوسف خان، اسکواڈرن لیڈر محمد اسامہ اشفاق شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اسکواڈرن لیڈر محمد حسن انیس، اسکواڈرن لیڈر طلال حسن، اسکواڈرن لیڈر فدا محمد بھی ستارہ جرات پانے والوں میں شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 45 جوانوں کو تمغہ بسالت اور 146کو امتیازی اسناد سے نوازا گیا جبکہ 259 کو چیف آف آرمی اسٹاف تعریفی کارڈز اور ایک جوان کو تمغہ امتیاز ملٹری دیاگیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ لانس حوالدار عامر شیراز شہید، نائیک عبد الرحمان شہید، لانس نائیک اکرم اللہ شہید، سپاہی عدیل اکبر اور کیپٹن علی حسن کو تمغہ جرات سے نوازا گیا۔