ویب ڈیسک: ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔
اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کی عظیم قوم کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یومِ آزادی ایک اہم اور قیمتی موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یومِ آزادی ایران اور پاکستان کے دیرینہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے ایک نئے موڑ کی حیثیت رکھتا ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ جامع تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے اور باہمی اعتماد و احترام کی بنیاد پر دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
ایرانی صدر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان موجود وسیع صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے، جس کے لیے ایران مزید تعاون کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مزید ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، جبکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں بھی پہلے سے زیادہ ایک دوسرے سے وابستہ ہیں۔
ایرانی صدر نے اپنے پیغام میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سربلندی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔