سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے IMFمشن سے ملاقات کااعلامیہ جاری کردیا

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے IMFمشن سے ملاقات کااعلامیہ جاری کردیا
کیپشن: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے IMFمشن سے ملاقات کااعلامیہ جاری کردیا

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) مشن سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے وفد سے آئی ایم ایف مشن نے ملاقات کی جس کے دوران مقدمات کے التوا سمیت عدلیہ کو درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی آئی ایم ایف وفد کے ساتھ ملاقات کے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد سے کرپشن کے خاتمے اور بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پر بات ہوئی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر سپریم کورٹ بار نے ماتحت عدلیہ میں زیر التوا مقدمات کی نشاندہی کی، آئی ایم ایف وفد کو ججز کی کم تعداد، ثالثی نظام کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف وفد کے ساتھ قانونی اصلاحات اور گڈگورننس پر بھی تبادلہ خیال ہوا، صدر سپریم کورٹ بار نے عدلیہ میں احتساب کے نظام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

مزید کہا گیا ہے کہ صدر سپریم کورٹ بار نے اس بات کی نشاندہی کی کہ عدالتی نظام میں سزا اور جزا کا ایک نظام پہلے سے موجود ہے، صدر بار نے کہا سپریم جوڈیشل کونسل اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے خلاف شکایات کا ازالہ کرتی ہے۔

صدر سپریم کورٹ بار نے وفد کو بتایا کہ متعلقہ ہائی کورٹس ضلعی ججوں سے متعلق معاملات دیکھتی ہیں، صدر سپریم کورٹ بار نے سپریم کورٹ کے جج کو سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر شکایت کے نتیجے میں حال ہی میں عہدے سے ہٹانے آگاہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق صدر سپریم کورٹ بار نے قانون کی حکمرانی کو ایک جمہوری معاشرے کی بنیاد قرار دیا، صدر سپریم کورٹ بار نے آئین، اداروں کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے غیر متزلزل وابستگی پر زور دیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اظہارِ تشکر کیا گیا اور مستقبل میں مزید ملاقاتوں کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔

Watch Live Public News