بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ ردوبدل کا بوجھ متوسط طبقے پر نہیں پڑنا چاہیے، آئی ایم ایف

بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ ردوبدل کا بوجھ متوسط طبقے پر نہیں پڑنا چاہیے، آئی ایم ایف
کیپشن: بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ ردوبدل کا بوجھ متوسط طبقے پر نہیں پڑنا چاہیے، آئی ایم ایف

ویب ڈیسک: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی حکام کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں مجوزہ ردوبدل پر مشاورت کر رہا ہے، تاہم اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کسی بھی تبدیلی کا بوجھ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر نہ پڑے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ جاری مذاکرات میں اس امر کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ مجوزہ ٹیرف اصلاحات پروگرام کے تحت کیے گئے وعدوں سے ہم آہنگ ہیں یا نہیں، اور ان کے میکرو اکنامک استحکام، خصوصاً مہنگائی پر ممکنہ اثرات کا بھی تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

حکومتِ پاکستان نے بجلی کی قیمتوں کے ڈھانچے میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ان اقدامات سے جہاں مہنگائی میں اضافہ ہو سکتا ہے، وہیں صنعتی شعبے کو کسی حد تک ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان سات ارب ڈالر کی توسیع شدہ فنڈ فیسیلٹی (ای ایف ایف) کے تحت شرائط پوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور آئی ایم ایف کا آئندہ جائزہ قریب ہے۔

توسیع شدہ فنڈ فیسیلٹی دراصل آئی ایم ایف کا ایک طویل مدتی قرض پروگرام ہے، جس کا مقصد رکن ممالک کو سنگین معاشی کمزوریوں اور درمیانی مدت کے ادائیگیوں کے توازن کے مسائل سے نمٹنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کنزیومر پرائس انڈیکس میں بجلی کا وزن نمایاں ہے، اس لیے نرخوں میں کوئی بھی ردوبدل سیاسی اور معاشی طور پر حساس معاملہ بن جاتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مہنگائی اگرچہ 2023 کی تقریباً 40 فیصد بلند ترین سطح سے کم ہو چکی ہے، مگر اب بھی عوام کے لیے بڑا چیلنج ہے۔

پاکستان کا بجلی کا شعبہ طویل عرصے سے گردشی قرضوں کے مسئلے سے دوچار ہے، جو واجبات کی عدم ادائیگی اور سبسڈی کے بوجھ کے باعث پیدا ہوتا ہے اور بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں، تقسیم کار اداروں اور حکومت کے درمیان جمع ہوتا رہتا ہے۔ 2023 سے آئی ایم ایف کی معاونت سے جاری اصلاحات کے تحت اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے متعدد بار ٹیرف میں اضافہ کیا جا چکا ہے۔

آئی ایم ایف کا مزید کہنا ہے کہ بہتر وصولیوں اور لائن لاسز میں کمی کے باعث پاور سیکٹر کے گردشی قرضے پروگرام میں طے شدہ اہداف کے اندر رکھنے میں مدد ملی ہے۔

Watch Live Public News