ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے موقع پر مستحق افراد کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے 38 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے رمضان ریلیف پیکج کے اجرا کی تقریب کے دوران کیا۔
تقریب میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بی آئی ایس پی نے وزیراعظم کو بتایا کہ اس سال رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو 13 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ پیکج کا مقصد مستحق اور نادار افراد کو باعزت طریقے سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی نے مزید بتایا کہ 2025 میں رمضان پیکج کے تحت مستحقین کو 5 ہزار روپے دیے گئے تھے، جبکہ اس سال یہ رقم بڑھا کر 13 ہزار روپے کی گئی ہے۔ یہ رقم براہ راست مستحقین کو بینکوں کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال رمضان میں رقم کی تقسیم کے لیے ڈیجیٹل نظام اپنایا گیا تھا، جس کے ذریعے مستحق افراد تک معاونت پہنچائی گئی۔ پچھلے سال 20 ارب روپے کا پیکج مختص کیا گیا تھا، جبکہ اس سال رمضان پیکج کے لیے 38 ارب روپے کا مختص کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس پیکج کی رقم ملک کے تمام صوبوں اور آزاد کشمیر میں شفاف طریقے سے تقسیم کی جائے گی، اور ہر مستحق خاندان کو 13 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی نگرانی وزرا پر مشتمل کمیٹی کرے گی، اور وہ خود اس نظام کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ اس عمل میں کسی قسم کی بدعنوانی کا امکان نہ ہو۔