ویب ڈیسک: رمضان المبارک سے قبل عوام کے لیے خوشخبری سامنے آگئی، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ مختلف برانڈز پر 10 سے 16 روپے فی کلوگرام اور فی لیٹر تک رعایت دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت اور پاکستان گھی ملز ایسوسی ایشن کے مالکان کے درمیان اہم اجلاس کے بعد خصوصی ریلیف پیکج پر اتفاق کیا گیا۔ یہ فیصلہ رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
معاونِ خصوصی برائے وزیر اعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید سے گھی ملز مالکان کی ملاقات کے بعد اعلامیے میں بتایا گیا کہ رمضان کے دوران تمام بڑے برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 10 سے 16 روپے فی کلو/لیٹر کمی کی جائے گی تاکہ صارفین کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔
حکام کے مطابق صنعت کاروں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں اس کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں فوڈ اتھارٹی سے مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے اس موقع پر گھی کے معیار سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں معیاری اور محفوظ گھی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ٹرانس فیٹی ایسڈ کی مقدار کم کرنے کے لیے جدید اور کم لاگت ٹیکنالوجی اپنائی جائے گی، جبکہ ٹیسٹنگ کے عمل کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے پر بھی کام جاری ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ناقص اور غیر معیاری گھی سپلائی کرنے والے یونٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب جہاں گھی اور آئل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے، وہیں آٹے کے 20 کلوگرام تھیلے کی قیمت میں حالیہ دنوں میں سینکڑوں روپے اضافے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس سے عام آدمی کے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق سال 2026 میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 5.1 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بہتری کی علامت قرار دی جا رہی ہے، تاہم اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنا حکومت کے لیے بدستور ایک بڑا چیلنج ہوگا۔