ویب ڈیسک: پاکستان کو سرسبز بنانے اور خصوصاً مارگلہ جنگل کی بحالی کو پنجاب حکومت کا اہم ترین منصوبہ قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ صرف ایک ترقیاتی منصوبہ نہیں بلکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک طویل المدتی وژن ہے، جس کا مقصد آئندہ نسلوں کو سرسبز اور محفوظ پاکستان فراہم کرنا ہے۔ اس وژن کی تکمیل میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو مرکزی کردار قرار دیا جا رہا ہے۔
ٹیکسلا کے علاقے میں مارگلہ جنگل کی بحالی کے لیے خصوصی شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ، اساتذہ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ شرکا نے پودے لگا کر ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا اظہار کیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کو سرسبز بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
محکمہ جنگلات پنجاب کے چیف کنزرویٹر افتخار الحسن فاروقی نے کہا کہ حکومت پنجاب ماحولیاتی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور خاص طور پر نوجوان نسل کو شجرکاری کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے بھی خصوصی شجرکاری مہمات کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات اس قومی مہم میں شریک ہوں۔
رکن قومی اسمبلی آسیہ تنولی نے کہا کہ پاکستان کو سرسبز بنانے کا یہ وژن وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق اگر ہر نوجوان ایک پودا بھی لگائے تو ملک کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور ٹیکسلا میں دو لاکھ سے زائد درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
رکن صوبائی اسمبلی محسن ایوب خان نے کہا کہ جنگلات کی بحالی کے لیے وزیر اعلیٰ اور سینئر وزیر کی سرپرستی حاصل ہے جبکہ محکمہ جنگلات بھی بھرپور انداز میں مہم کو آگے بڑھا رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکا نے اجتماعی طور پر پودے لگائے۔