کراچی: جماعت اسلامی کے دھرنے پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج

کراچی: جماعت اسلامی کے دھرنے پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج
کیپشن: کراچی: جماعت اسلامی کے دھرنے پر پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج

ویب ڈیسک: کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر دھرنے کی کوشش کے دوران جماعت اسلامی کے کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پرامن شہریوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کو “بوکھلاہٹ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی فسطائیت پورا ملک دیکھ رہا ہے اور کراچی کے شہری اپنا حق لے کر رہیں گے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے دعویٰ کیا کہ شیلنگ کے باعث ایک مقام پر آگ بھی بھڑک اٹھی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف ظلم اور دوسری جانب مذاکرات کی بات قابل قبول نہیں، پیپلزپارٹی نے آج فاشزم کا مظاہرہ کیا ہے اور نہتے، پرامن مظاہرین پر شیلنگ کی گئی۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس اور انتظامیہ جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطے میں تھی اور انہیں پیشگی آگاہ کیا گیا تھا کہ ریڈ زون میں داخل نہ ہوں۔ ان کے مطابق مشتعل کارکنان کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا جس سے اہلکار زخمی ہوئے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم جماعت اسلامی کو بھی اپنا طرزِ عمل دیکھنا ہوگا۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کی کوشش پر پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا، جبکہ جھڑپوں کے دوران متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا۔

Watch Live Public News