ویب ڈیسک: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے دو ٹوک کہا کہ کوئی ڈیل نہیں صرف مذاکرات ہوں گے۔
جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بعض اوقات فیصلہ سنانے میں تاخیر ہوجاتی ہے۔ عدالتی عملے نے ہمیں کہاتھا کہ گیارہ بجے فیصلہ سنایاجائے گا۔ جج صاحب تھوڑا انتظار کرلیتے تو فیصلہ سنادیاجاتا۔
انہوں نے کہا کہ اب جو بھی فیصلہ ہوناہے 17 تاریخ کو آجائے گا۔ ہمیں امید ہے اعلیٰ عدلیہ ہمیں انصاف دے گی۔ فیصلے کامذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ کوئی ڈیل نہیں ہونی ، مذاکرات ہونے ہیں۔ مذاکرات کامیاب ہونے چاہییں، یہ ملک کے لیے بہتر ہے۔
دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کل کی اطلاع ہمیں یہی تھی کہ فیصلہ دیا جائے گا، خان صاحب نے کہا مجھے بتایا گیا تھا کہ نو بجے آجاؤ، بانی پی ٹی آئی نے کہا جب میرے وکلا آجائیں گے تو میں پیش ہو جاؤں گا ، عمران خان نے کہا جب سے اس جیل میں ہوں کوئی بھی ٹرائل گیارہ بجے سے پہلے شروع نہیں ہوا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ خان صاحب نے کہا کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی ، ایسا کچھ ہوتا تو پبلک سے نہ چھپاتے ، مذاکرات وہی ہو رہے ہیں جو حکومت کے ساتھ ہو رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کیلئے 16 تاریخ کو بلایا گیا ہے ہماری ٹیم جائے گی ، اپنے مطالبات تحریری طور پر دیئے جائیں گے ، جوڈیشل کمیشن کا قیام اور اسیران کی رہائی ہمارے مطالبات ہیں ۔ مذاکرات ہونے چاہیئں اور ملک کی خاطر کامیاب ہونے چاہیئں۔
صحافی نے بیرسٹر گوہر سے سوال کیا کہ آرمی چیف کے ساتھ علی امین گنڈاپور کی ملاقات ہوئی کیا یہ خوش آئند ہے ؟ اس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے ہوتی رہتی ہیں ورکنگ ریلیشن بھی رکھنا ہوتا ہے۔