ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا حکومت نے صدر مملکت آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف اور بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر اہم سیاسی و قومی شخصیات کے ناموں پر مشتمل نمبر پلیٹس کی نیلامی کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فخر جہاں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فینسی اور یونیک چوائس نمبر پلیٹس کی نیلامی 27 جنوری کو نشتر ہال پشاور میں منعقد کی جائے گی، جس میں معروف سیاسی اور قومی شخصیات کے ناموں والی نمبر پلیٹس پیش کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ فینسی نمبر پلیٹس کی بولی کا آغاز 10 لاکھ روپے سے ہوگا جبکہ سب سے زیادہ بولی دینے والے کو اپنی پسندیدہ سیاسی یا قومی شخصیت کے نام کی نمبر پلیٹ الاٹ کی جائے گی۔
فخر جہاں کے مطابق مرحلہ وار دیگر قومی قیادت، معروف شخصیات، علاقوں اور مختلف اقوام کے ناموں پر مشتمل نمبر پلیٹس بھی نیلامی میں شامل کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ گاڑی مالکان اس نیلامی میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں اور توقع ہے کہ اس اقدام سے قومی خزانے کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونیک نمبر پلیٹس کے حصول کے لیے شہریوں نے دستک ایپ کے ذریعے درخواستیں جمع کرانا شروع کر دی ہیں۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن خیبر پختونخوا کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس کی نیلامی سے متعلق باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے جبکہ نیلامی میں شرکت کے خواہشمند شہری دستک ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔