لاہور: پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی بورڈ کے بائیسواں اجلاس کا انعقاد ہوا جس میں پی ایل آر اے کے لیے 7.5 ارب سالانہ بجٹ اور سٹاف کی تنخواہوں میں 10%اضافہ کی منظوری دیدی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی بورڈ کا بائیسواں اجلاس سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں تمام ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک جبکہ بورڈ ممبران ڈاکٹر محمد طاہر، چئیر مین الیکٹریکل انجینرنگ ڈیپارٹمنٹ، یو ای ٹی،محمد یثر ب ہنجرا ریٹائرڈ پی سی ایس آفیسر، ڈائریکٹر جنرل و ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹر ایچ آر، ڈائریکٹر آپریشنزاور ڈائریکٹر آئی ٹی نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی سائرہ عمر نے آٹھ نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔ پی ایل آر اے بورڈ نے مالی سال 2023-24 کے لیے 7.5ارب روپے سالانہ بجٹ، پلرا سروس ریگولیشنز کے مطابق سٹاف کی تنخواہوں میں 10%اضافے اور آئی ٹی ونگ کی تنظیم نو کی تجاویز کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ علاوہ ازیں سروس سنٹر انچارجز کی مالیاتی اختیارات میں اضافے کی تجویز کو بھی متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ پی ایل آر اے بورڈ نے لوکل گورنمنٹ ٹیکس کی اراضی ریکارڈ سنٹرز کے ذریعے وصولی کے طریقے کار کی بھی منظور ی دے دی۔جبکہ 2018سے 2021 تک تین مالی سال کی آڈٹ اور فنانشل اسٹیٹمنٹ کی بھی منظوری دے دی گئی۔