جج صاحب آپ اللہ کو جوابدہ ہیں،ایجنسیوں کو نہیں،عمران خان

 جج صاحب آپ اللہ کو جوابدہ ہیں،ایجنسیوں کو نہیں،عمران خان
کیپشن: چیئرمین نیب اور طوائف میں کوئی فرق نہیں، عمران خان

ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نئے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران کہا کہ چیئرمین نیب اور طوائف میں کوئی فرق نہیں کیونکہ طوائف جسم فروش کرتی ہے اور اس نے ضمیر فروش کر دیا ہے۔جج صاحب آپ اللہ کو جوابدہ ہیں، آئی ایس آئی کو نہیں، جج بشیر نے کہا تھا سر پر بندوق رکھ کر فیصلہ لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سماعت کے آغاز پر میڈیا کی غیر موجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر میڈیا نہیں آتا تو میں عدالت سے واک آؤٹ کر جاؤں گا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اعتراض پر عدالت نے میڈیا نمائندگان کو جیل کے اندر بلانے کا حکم دیا، میڈیا نمائندوں کے عدالت میں داخل ہوتے ہی سماعت کا آغاز ہوا۔

سماعت کے آغاز پر بانی پی ٹی آئی عمران خان روسٹم پر گئے اور جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب میری بیوی کا توشہ خانہ سے کچھ لینا دینا نہیں، جیل میں 4 مرتبہ قرآن پڑھا ہے اس میں ججز پر اللہ نے بہت ذمہ داری ڈالی ہے، بشریٰ بی بی کو صرف مجھے اذیت پہنچانے کے لیے جیل میں ڈال رکھا ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میری بیوی کو بادشاہ سلامت ٹارگٹ کر رہے ہیں کیونکہ میں نے اس کو آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹایا اور میری بیوی نے اس کی سفارش نہیں کی۔مجھے جیل میں ڈالیں لیکن میری بیوی کو تو چھوڑ دیں، جج صاحب آپ اللہ کو جوابدہ ہیں، آئی ایس آئی کو جوابدہ نہیں ہیں، جج بشیر نے کہا تھا سر پر بندوق رکھ کر فیصلہ لیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو رات 12 بجے بتایا جاتا ہے صبح نیا کیس لگے گا، نیب والے روبوٹ ہیں ان کو تنخواہ دے کر جو مرضی کام کروا لیں، پہلے جس ریفرنس میں سزا ہوئی وہ جیولری سیٹ ہمارے پاس ہے اور اس کی قیمت 1 کروڑ 80 لاکھ روپے تھی لیکن انھوں نے سوا تین ارب کر دی۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں صرف اپنی بیوی کی بات کرتا ہوں، اس کو دوبارہ گرفتار کرکے بہت غلط کیا ہے۔ پہلے آفتاب سلطان اور دیگر لوگ مستعفی ہوئے کیونکہ یہ غلط فیصلے کرانا چاہتے تھے، دوسرا کیس اس لیے بنایا ہے کیونکہ ان کو پتا چل گیا ہے پہلا سیٹ ہمارے پاس ہے، جنگل کے بادشاہ نے سب کچھ کرایا ہے۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی ایک ساتھ بیٹھے رہے۔

Watch Live Public News