(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے رپبلکن صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے اور ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر زخمیوں کیلئے صحت و سلامتی کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں مسلح اور پرتشدد کارروائیوں کی کوئی گنجائش نہیں، طاقت اور تشدد سے پاک سیاست کا حصول پوری دنیا کی جمہور پسند اقوام کیلئے ایک بڑے چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بحثیت عوامِ پاکستان کی مقبول ترین اور نمائندہ جماعت پاکستان تحریک انصاف امن، مکالمے اور دلیل کی علمبردار ہے، دنیا کے کسی کونے میں بنیادی انسانی حقوق، آئین و قانون اور جمہوری اقدار پر حملہ جمہوریت کے عالمی وجود پر حملہ ہے جس کے تدارک کیلئے اہلِ عالم کو مل کر اقدام کرنے چاہئیں۔
ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں اور نیک تمنائیں ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے عوام کے ساتھ ہیں۔