ویب ڈیسک:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ عراق اور ایران جانے والے زائرین ہمارے لئے بہت اہم ہیں،سہ ملکی کانفرنس سے زائرین کو مزید سہولت ملے گی، پاکستان کی درخواست پر سہ ملکی کانفرنس کے انعقاد پر ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کے شکر گزار ہیں ، وزیراعظم پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام نے جنگ میں ایران کے لئے انتہائی متحرک و مثبت کردار ادا کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی کھل کر مذمت کی اور ایران کے حق دفاع کو مکمل طور پر سپورٹ کیا۔جنگ کے دوران پاکستانی عوام ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہے، پاکستان اور ایران بھائی ہیں اور ہمیشہ بھائی رہیں گے وزیراعظم پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام نے جنگ میں انتہائی متحرک و مثبت کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہ پاکستان نے وہ بہترین کردار ایران کے لئے ادا کیا۔ پاکستان میں ایران کے سفیر امیری مقدم یہاں موجود ہیں اور یہ اس بات کے گواہ ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ اربعین پر لاکھوں زائرین عراق جاتے ہیں، عراقی وزیر داخلہ اور وزارت داخلہ جس طرح لاکھوں زائرین کی دیکھ بھال کرتے ہیں وہ قابل تحسین ہے۔ زائرین کو بہترین طریقے سے ہینڈل کرنے پر عراقی وزارت داخلہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ زائرین کے حوالے سے عراق و ایران کے وزرائے داخلہ کو پاکستان کی جانب سے ہر ممکن یقین دہانی کراتے ہیں۔ یکم جنوری 2026 کے بعد پاکستانی زائرین انفرادی طور پر عراق نہیں جا سکیں گے، زائرین گروپ آرگنائزرز کے تحت ہی عراق جاسکیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ زائرین گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، آرگنائزرز گروپ عراق جانے والے زائرین کی وطن واپسی کے ذمہ دار ہوں گے۔ صرف وہی لوگ انفرادی طور پر عراق جاسکیں گے جنہیں سفارتخانہ خصوصی ویزا جاری کرے گا، گروپ آرگنائزرز کے سسٹم سے غیر قانونی عراق جانے والوں اور زائد قیام کے رجحان کا خاتمہ ہو گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عراق اور ایران بھی پاکستان کے اس نئے نظام کے ساتھ ہیں، ہم نے مشترکہ اقدامات سے مل کر غیر قانونی طور پر عراق جانے والوں اور وہاں زائد قیام کرنے والوں کو ہر صورت روکنا ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے زائرین کی دیکھ بھال پرعراق اور ایران کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، لاکھوں زائرین کا خیال رکھنا بہت بڑا چیلنج ہے اور دونوں وزرائے داخلہ یہ ذمہ داری خوش اسلوبی سے ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای جنگ کے دوران مضبوطی سے کھڑے رہے اور جرأت کے ساتھ قیادت کی ، آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی عوام کو عظیم فتح پر مبارکباد دیتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی درخواست پر زائرین کے مسائل کے حل کیلئے بلائی گئی سہ ملکی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔