ویب ڈیسک: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق سامنے آنے والی رپورٹس ہیں۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں برطانوی خام تیل (برینٹ کروڈ) کی قیمت میں تین فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی بیرل قیمت تقریباً 87 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔ اسی طرح امریکی خام تیل بھی سستا ہو کر 84 ڈالر فی بیرل کے قریب ٹریڈ کر رہا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے مربن کروڈ آئل کی قیمت میں بھی چار فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی، جس کے بعد یہ تقریباً 83 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پا جاتا ہے تو آبنائے ہرمز میں کشیدگی میں کمی آئے گی، جس سے عالمی تیل کی سپلائی بہتر ہونے اور قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔
ادھر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی آئندہ 24 گھنٹوں میں ممکنہ معاہدے سے متعلق پیش رفت کی امید ظاہر کی ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق معاہدے کی صورت میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ براہِ راست پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتا ہے، تاہم حتمی فیصلہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے کیا جائے گا۔