ویب ڈیسک: ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے پر آج دستخط ہونے جا رہے ہیں۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی مذاکرات کار پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اتوار کے روز کسی بھی قسم کے معاہدے پر دستخط کا کوئی امکان موجود نہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی صدر کی جانب سے دیے گئے بیانات زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔
ایرانی فوجی ذرائع کے مطابق معاہدے کی تقریب کے لیے 14 جون کی تاریخ کا ذکر محض ایک علامتی اور سیاسی پیغام ہے، جس کا مقصد ذاتی تشہیر اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنا ہے۔
تہران کا مؤقف ہے کہ اس نوعیت کے غیر مصدقہ اور قبل از وقت دعوے سنجیدہ سفارتی عمل کو نقصان پہنچاتے ہیں اور مذاکراتی ماحول کو متاثر کرتے ہیں۔